• news

پنجاب کے 5 اضلاع، فاٹا، ایف آر اور بلوچستان میں پولیو مہم آج شروع ہوگی

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے 5 اضلاع، فاٹا، ایف آر اور بلوچستان کے 15 اضلاع میں پولیو مہم آج شروع ہوگی۔ 3 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ جبکہ لاہور میں ناگزیر وجوہات کی بنا پر پولیو مہم مؤخر کردی گئی ہے جس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ پنجاب میں پولیو کی مہم چھ کی بجائے پانچ اضلاع میں آج سے شروع ہوگی۔ جبکہ صوبائی دارالحکومت میں پولیو مہم ناگزیروجوہات کی بناء پر موخر کردی گئی ہے جس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ یہ مہم ان اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور ملتان میں منعقد کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار حسین سید نے کہا کہ اس مہم میں ان اضلاع کو شامل کیا گیا ہے جہاں پولیو سے متاثرعلاقوں سے لوگوں کی زیادہ آمد و رفت ہے۔ این این آئی کے مطابق فاٹا اور ایف آر میں آج 29 اگست سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی۔ پولیٹیکل ایجنٹس، کمشنرز، نیم فوجی اور فوجی دستوں کی سرپرستی اور فراہم کی گئی سکیورٹی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم چلائے جانے کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا۔ مہم میں فاٹا اور ایف آرز کے پانچ سال سے کم عمر کے 1033554 بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے جائیں گے۔ مجموعی طور پر 3939 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلوانے کا کام سرانجام دیں گی جن میں 3550 موبائل، 289 فکسڈ اور 100 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ آن لائن کے مطابق بلوچستان کے 15 اضلاع میں تین روزہ پولیو مہم آج 29 اگست سے شروع ہوگی جس کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ تین روزہ انسداد پولیو کے دوران 5 سال تک کے عمر کے 16 لاکھ 36 ہزار 934 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے سلسلے میں 3875 موبائل ٹیمیں، 402 فکسڈ سائٹ اور 213 ٹرانزٹ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ پولیو مہم کے سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور کے جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن