دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: پاکستانی قونصلر جنرل
شکاگو (اے پی پی) امریکہ میںپاکستان کے قونصلر جنرل فیصل نیازترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات کینٹکی اور جنوبی انڈیانہ میں ورلڈ افیئر کونسل سے اپنے خطاب میں کہی۔ اس دورے کا مقصد امریکہ کے مغربی علاقوں میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے یونیورسٹیوں اور تھینک ٹینکس سے روابط کا فروغ ہے۔ اس موقع پر آئیوی ٹیک کمیونٹی کالج میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر خصوصی پریذینٹیشن بھی پیش کی گئی۔ آئیوی ٹیک کمیونٹی کالج میں گفتگو اور ورلڈ افیئر کونسل سے خطاب میں انہوں نے پاکستان کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کلیدی کردارادا کررہا ہے اور پاکستان اس جنگ میں کامیابی حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات اور اقتصادی وسماجی چیلنجوں کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے جبکہ میڈیا کو بھی مکمل آزادی دی گئی ہے۔ حکومتی سطح پر خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں اقتصادی بحالی کے حالیہ عمل کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ملک میں معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع پالیسیاں بنائی گئی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے عظیم باکسر محمد علی کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔