• news

فاٹا خیبر پی کے میں ضم کرنے کیلئے صوبائی حکومت اپنا نظام متعارف کرائیگی: سرتاج عزیز

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) فاٹا اصلاحات کمیٹی کے سربراہ اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ فاٹا میں اصلاحات کی ضرورت پہلے بھی تھی۔ عوام بہت مشکلات میں زندگی بسر کر رہے ہیں، وہاں ترقیاتی عمل بہت پیچھے تھا۔ فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت بڑی سکیموں پر کام ہو گا۔ بلدیاتی نمائندے چھوٹی سکیمیں چلائیں گے، فوج بھی فاٹا کے ترقیاتی کاموں میں کردار ادا کر رہی ہے، فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کیلئے صوبائی حکومت وہاں اپنا حکومتی نظام بتدریج متعارف کرائے گی۔ پہلے ہمارے پاس تین آپشنز تھے۔ خیبر پی کے کے ارکان اسمبلی نے کمیٹی سے مل کر فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کی تجویز دی ہے۔ کمیٹی پہلے ہفتے خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرے گی۔ ہم نے قبائلی ملوک اور تمام جماعتوں سے مشاورت کی ہے، سب کی رائے تھی کہ اسے خیبر پی کے میں ضم کیا جائے۔ فاٹا کیلئے سکیورٹی، سیاسی، انتظامی تمام معاملات دیکھنا ہونگے۔ پہلے بنیادی باتیں پارلیمنٹ میں کی جائیں گی۔ ڈیویلپمنٹ کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔ بلدیاتی الیکشن فوری طور پر کرانے کی ضرورت ہے۔ ایف سی آر سسٹم کچھ ترمیم کے بعد برقرار رکھا گیا ہے۔ جرگہ پولیٹکل ایجنٹ مقرر نہیں کرے گا۔ سی پیک کے تحت ہر صوبے میں ایک انڈسٹریل زون بنے گا۔ لیویز کمزور فورس ہے، اسے ایف سی کی سطح پر بھرتی اور تربیت دی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف فاٹا کے ترقیاتی کاموں میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔ کمیٹی میں وزیراعلیٰ بھی آئیں گے۔ فی الحال چیف سیکرٹری کے پاس تمام معاملات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن