فلپائن: عسکریت پسندوں کا جیل پر حملہ داعش کے 8 جنگجوئوں سمیت 28 قیدی چھڑالئے
منیلا (بی بی سی + اے ایف پی) فلپائن میں اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم سے منسلک 8 شدت پسندوں سمیت28 قیدیوں کو ایک جیل پر دھاوا بول کر چھڑوا لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موتے گروپ سے تعلق رکھنے والے 20 جنگجوئوں نے جنوبی شہر مروائی میں لنائوڈل سورجیل پر حملہ کیا‘ تاہم اس موقع پر کوئی گولی نہیںچلی۔ ایک فوجی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ان کے خیال میں ان افراد کو خود فرار کروایا گیا ہے۔ فرار ہونے والے شدت پسندوں کو گزشتہ ہفتے دستی طورپر تیار کئے گئے مارٹر گولوں کے ساتھ گرفتار کیاگیا تھا۔ قتل اور منشیات کے الزام میں گرفتار دیگر 15 قیدی بھی فرار ہوگئے ہیں‘ تاہم اس بارے میں واضح نہیں ہے انہیں بھی فرار کروایا گیاہے۔ خیال رہے کہ دولت اسلامیہ سے وابستہ موتے گروپ جنوبی خطے منڈانائو میں کئی بم دھماکوں اور اغوا کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔ واضح رہے کہ فلپائن کا مسلمان اکثریتی علاقے منڈانائو میں کئی دہائیوں سے علیحدگی پسند تحریک جاری ہے جبکہ ملک کی بیشتر آبادی کیتھولک عیسائیوں پر مشتمل ہے۔ موتے گروپ نے رواں سال کے آغاز پر فوج پر حملہ کرکے ایک فوجی کا سر قلم اور دو مقامی مزدوروں کا قتل کیا تھا۔ مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد ہلاک کرنے سے قبل انہیں نارنجی رنگ کے کپڑے پہنائے گئے جیسے عموماً دولت اسلامیہ کے شدت پسند کرتے ہیں۔ فلپائن میں کئی مسلح گروہ دولت اسلامیہ کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر چکے ہیں‘ تاہم ملک کی فوج کا کہنا ہے کہ جنگجوئوں کے ساتھ تعاون کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں۔