• news

لوئر دیز :جماعت اسلامی کے مقامی رہنماشادنوازقاتلانہ حملہ میں محفوظ بھائی اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق

دیر لوئر + خیبر ایجنسی+ کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) لوئر دیر کے علاقہ رباط میں جماعت اسلامی کے رہنما شاد نواز خان قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے جبکہ ان کے بھائی اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں لیویز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ لیویز کے مطابق دہشت گرد کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لوئر دیر کے علاقے رباط میں جماعت اسلامی کے رہنما شاد نواز خان پر نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کردیا، حملے میں شاد نواز خان محفوظ رہے تاہم انکے بھائی اور 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور نے دریائے پنجگوڑہ میں چھلانگ لگا دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے حملہ آور کی تلاش کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اے پی پی کے مطابق نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک راہگیر بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ علاوہ ازیں فرنٹیئر کور اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے تربت اور زیارت میں دو مختلف کارروائیوں میں مشترکہ آپریشن کے دوران منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ کالعدم تنظیم سے تعلق کے شعبہ میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں ایف سی نے کوئٹہ کے علاقے میں کارروائی اغوا کاروں کے چنگل سے مغوی بچہ بازیاب جبکہ دوسری کارروائی میں 4 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے۔ ادھر پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن