معروف عالم دین علامہ احمد علی قصوری انتقال کر گئے ‘رفیق تارڑ اور دیگر کا اظہار افسوس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکز اہلسنت کے امیر معروف عالم دین، جمعیت علماء پاکستان اور تحریک منہاج القرآن کے سابق مرکزی رہنما علامہ احمد علی قصوری 70سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ ان کی نماز جنازہ آج صبح منگل ساڑھے 10بجے ایوبیہ مارکیٹ نیومسلم ٹائون لاہور میں علامہ پیر محب اللہ نوری پڑھائیں گے۔ جبکہ ڈیڑھ بجے دوپہر مین قبرستان نزد کچہری قصور شہر میں دوسرا جناز پڑھا جائے گا۔ آپ نے پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ علامہ احمد علی قصوری تحریک ختم نبوت، تحریک نظام مصطفی، تحریک ناموس رسالت اور ملکی سطح پر تمام تحریکوں میں پیش پیش رہے اور کئی بار قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، علامہ راغب حسین نعیمی، محمد ضیاء الحق نقشبندی، پیر سید ریاض حسین شاہ، علامہ اویس نورانی، سراج الحق، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر نے اظہار افسوس کیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر پاکستان اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محمد رفیق تارڑ‘ نظریۂ پاکستان کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد‘ سیکرٹری شاہد رشید نے علامہ احمد علی قصوری کی دینی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم تمام دینی تحریکوں میں پیش پیش رہے اور وہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے پروگراموں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔