تقریب حلف برداری، وسیم اختر کو آج پولو گراﺅنڈ میں پیش کرنے کا حکم، حلف سے روکنے اور نااہلی کیلئے درخواستیں دائر
کراچی ( صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی تقریب حلف برداری آج پولو گرانڈ میں ہوگی، پریذائیڈنگ افسر نے جیل حکام کو وسیم اختر کو آج منگل کی صبح 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ علاوہ ازیں دہشت گردی اور بغاوت کے سنگین الزامات میں گرفتار ایم کیوایم کے نو منتخب مئیر وسیم اختر کیلئے ایک اور کڑا امتحان سر پر آگیا۔ سینئر قانون دان شریف الدین پیرزادہ نے شہری شاہد غوری کی درخواست پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے سنگین مقدمات میں ملوث ملزم کے حوالے نہیں کیا جاسکتا جس جماعت نے وسیم اختر کو میئر نامزد کیا وہ دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ سنگین مقدمات میں ملوث ملزم کو میئر کا عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دی ہے کہ وسیم اختر کو میئر کراچی کا حلف اٹھانے سے روکا جائے۔ وسیم اختر کے خلاف 30 کے قریب سنگین نوعیت کے مقدمات ہیں۔ فیصل واوڈا کی درخواست کی سماعت آج ہو گی۔
تقریب حلف برداری /درخواستیں دائر