شاہ رخ خان کیلئے چپل ہرن کے چمڑے سے تیار نہیں ہوئی: محکمہ جنگلی حیات خیبر پی کے، کاریگر رہا ہو گیا
پشاور (بی بی سی) پشاور میں محکمہ جنگلی حیات خیبر پی کے کے حکام نے کہا ہے کہ بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان کے لیے پشاوری چپل تیار کرنے میں ہرن کا چمڑا استعمال نہیں کیا گیا تاہم چمڑے کا مفصل تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ جنگلات کے ایک افسر سردار علی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے علاقے نمک منڈی چوک کے ایک کاریگر عمران جہانگیر کو ہرن کے چمڑے سے چپل تیار کرنے پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ چپلوں کے چمڑے کے ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا ہے یہ ہرن کا چمڑا نہیں ہے لہذا کاریگر کو رہا کردیا گیا تاہم انہوں نے کہا کہ چپل بدستور محکمہ جنگلی حیات کی تحویل میں ہیں اور ان کا مفصل تجزیہ کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فلم سٹار شاہ رخ خان کی پشاور میں مقیم کزن نورجہاں نے شاہ رخ خان کے لئے دو جوڑے پشاوری چپل تیار کرنے کا آرڈر مقامی کاریگروں کو دیا ‘ کاریگر جہانگیر اور اسکے بیٹے عمران نے چپلوں کا ایک جوڑا اپنی طرف سے ہرن کے چمڑے سے تیار کیا اور جس کی تشہیر بھی گئی تھی۔ کاریگر عمران اور ان کے والد جہانگیر شاہ رخ خان کے بڑے مداح ہیں۔ واضح رہے کہ جہانگیر پورہ بازار اور نمک منڈی چوک میں پشاوری چپل بڑے پیمانے پر تیار کی جاتی ہیں۔ ان چپلوں کو ملک بھر میں شہرت حاصل ہے۔ کچھ عرصہ پہلے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے لیے تیار کی جانے والے چپلی کو کپتان سٹائل سے موسوم کیا گیا تھا جو بعد میں ملک بھر میں خاصی مقبول ہوگئی تھی۔