انتشار کی سیاست عمران کا سسرالی ایجنڈا‘ رسوا ہونگے: رانا ثنا شیخ رشید جب تک ساتھ ہیں عمران کو دشمن کی ضرورت نہیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ انتشار اور احتجاج کی سیاست کرنیوالے عمران خان اور طاہر القادری 2018ء تک اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔ شیخ رشید کا اپنا کچھ نہیں رہا اس لیے ان کا مقصد ہے کہ کسی کا بھی کچھ نہ رہے اور شیخ رشید جب تک عمران خان کے ساتھ ہے ان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، دھرنے اور احتجاجوں کو روکنے کی کوئی تیاری نہیں کی۔ ہم نے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے‘ لیکن جہاں عوام کے جان و مال کے تحفظ کی صورتحال درپیش ہوئی وہاں قانون حرکت میں آئے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتشار اور احتجاج کی سیاست کرنا عمران خان کا سسرالی ایجنڈا ہے جس میں یہ ذلیل ورسوا ہوں گے ، عمران خان جس طرح کی سیاست پر عمل پیرا ہیں وہ 2018ء کے عام انتخابات میں شکست کھا کر اپنے سسرال کے پاس چلے جائیں گے اور باقی زندگی وہیں گزاریں گے ۔اعلیٰ قیادت نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کی بہتان تراشیوں کاجواب نہیں دیا جائے گا۔ اپوزیشن کو قانون سازی کے دوران کورم کی نشاندہی نہیں کرنی چاہیے بلکہ جمہوری روایات کو فروغ دینا چاہیے ۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ جب ملک کا قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ جب تک کسی کو عدالت سے سزا نہ ہو تب تک وہ نااہل نہیںہوتا ، اس لیے جب وسیم اختر اس شرط پرپورا اترتے ہیں تو انہیں حلف اٹھانے اور عہدے کی ذمہ داریاں ادا کرنے کا حق حاصل ہے ۔