• news

ترقی کے سفیر میں روڑے اٹکانے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا :شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے اور تین برس کے دوران ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہواہے۔ امن و امان کی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے۔ اس وقت ملک کو منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ مسلم لیگ ن کے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا مسلم لیگ ن عوامی خدمت کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے۔ فلاح عامہ کے منصوبوں پر تنقید کرنے والے سیاسی عناصر عوام کے خیر خواہ نہیں۔ پاکستان کے عوام ملک میں ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر نے پہلے بھی قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور یہی عناصر اب دوبارہ ترقی کے تیز رفتار سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ باشعور عوام ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے اور ترقی کے دشمن عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ بعض سیاسی عناصر ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے در پے ہیں۔ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوں کو ملک کا خیال ہے نہ عوام کا۔ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ذاتی مفادات کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں اور ان کی افراتفری پھیلانے کی کوشش ملک اور قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ عوام نے ایسے عناصر کو پہلے بھی ہر موقع پر مسترد کیا ہے اور اب بھی ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ شہباز شریف سے ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبے بھر میں مکمل ہونے والے بڑے منصوبوں سے عوام مستفید ہورہے ہیں اور ترقیاتی پالیسی کے تحت دیہی و شہری علاقوں میں ترقیاتی سکیمیں تیزی سے مکمل کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے کمانڈر سنٹرل کمانڈ، کورکمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کی تربیت اور انسداد دہشت گردی کے لئے استعداد کار میں اضافہ کیلئے پاک فوج کی جانب سے تسلسل کے ساتھ معاونت کو سراہااور آپریشن ضرب عضب میں پاک افواج کی لازوال قربانیوں اور کامیابیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے عسکری و سول اداروں کی مربوط تربیت کی ضروریات کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن