بیرون ملک پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے خفیہ کوڈ جاری ہوگا
اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کے انتخابی عمل میں شرکت کو یقینی بنانے کا طریقہ کار وضع کرلیا ہے۔ مجوزہ طریقہ کار کے تحت بیرون ملک پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹ پول کرسکیں گے اور اس مقصد کیلئے انہیں خفیہ کوڈ جاری کیا جائے گا۔ کمیٹی اجلاس میں سفارشات کا حتمی طور پر جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر قانون وانصاف زاہد حامد نے بتایا کہ ووٹنگ کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں کی رجسٹریشن ہوگی۔ انہیں خفیہ کوڈ جاری کیا جائے گا جو اوورسیز پاکستانیز انٹرنیٹ پر انتخابی عمل میں شرکت کے موقع پر استعمال کرسکیں گے۔ بیرون ملک پاکستانی ووٹ ڈالنے کیلئے اپنا موبائل فون استعمال کرسکیں گے ۔ اس موبائل فون کو رجسٹرڈ کیا جائے اور رجسٹرڈ موبائل فون سے ایک ہی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔ ووٹ ڈالنے کیلئے جب بیرون ملک پاکستانی رجسٹریشن نمبر کے ذریعے انتخابی عمل میں شریک ہوگا۔ خفیہ کوڈ استعمال کرنے کے بعد اسے بعض سوالات ہوں گے۔ درست جوابات آنے پر اس کا بیلٹ پیپرز ظاہر ہوجائے گا اور وہ اپنی پسندکے امیدوار کو ووٹ دے سکے گا۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن ضروری اقدامات کرے گا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نادرا نے ای ووٹنگ سے متعلق کمیٹی کے تحفظات دور کر دیئے، ای ووٹنگ کا طریقہ کار 65 اجلاسوں کے بعد سامنے آیا، کمیٹی نے خصوصی سافٹ ویئر کا ٹینڈر طلب کرنے پر اتفاق کیا ہے، سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن ہو گی، رجسٹریشن کے وقت پاسپورٹ نمبر درج کرنا پڑے گا۔