این ایف سی اجلاس 5 ستمبر کو طلب، 31 دسمبر تک حتمی شکل دینے کی کوشش کرینگے اسحاق ڈار،ششماہی رپورٹ کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں این ایف سی کے ششماہی اجلاس میں جولائی سے 30 دسمبر تک کے حسابات کا جائزہ لیا گیا جبکہ این ایف سی کا اجلاس 5 ستمبر کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ سیکرٹری فنانس ڈویژن ڈاکٹر وقار مسعود نے اجلاس میں بتایا قابل تقسیم پول میں سے پنجاب کو 412.79، سندھ کو 195.86، کے پی کے کو 116.64 اور بلوچستان کو 72.52 بلین روپے دیئے گئے۔ اجلاس میں کسی صوبے کی طرف سے اعداد و شمار پر تحفظات نہیں ظاہر کئے گئے۔ اجلاس میں این ایف سی کی ششماہی رپورٹ کی منظوری دی گئی جو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں پیش کر دی جائے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا این ایف سی کا نگرانی اجلاس اب سہ ماہی بنیاد پر منعقد ہوا کرے گا۔ آئندہ میٹنگ اکتوبر میں ہو گی۔ صباح نیوز کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ 31 دسمبر تک اگلے این ایف سی ایوارڈ کو حتمی شکل دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں پنجاب کی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، کے پی کے کے وزیر خزانہ مظفر سید، سیکرٹری فنانس بلوچستان اور دوسرے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بعدازاں سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں وفاق اور صوبے کے مختلف معاملات پر بات چیت کی گئی۔