• news

راہداری منصوبہ تیسرے فریق کے خلاف نہیں، تکمیل کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے: چین

بیجنگ (آئی این پی) چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کسی بھی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہے ،سٹریٹجک منصوبے کی کامیابی سے تکمیل کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، راہداری منصوبہ خطے میں رابطہ سازی ،امن واستحکام اور تعمیر وترقی کا ذریعہ ہے جس کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ منگل کو ترجمان ہواچیننگ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کا ایک نیا فریم ورک ہے جو کہ مستقبل میں تعمیر وترقی کے نئے باب کھول رہا ہے ۔انہوں نے معروف چینی تھنک ٹینک چائنہ انسٹیٹیوٹ آف کنٹیمپوریری انٹرنیشنل ریلیشنز کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ اگر بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہوا تو چین اقدامات کرے گا۔ تھنک ٹینک نے بھارت کو متنبہ کیا کہ بھارت بلوچستان میں مداخلت بند کرے ۔

ای پیپر-دی نیشن