براہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے لانے کا فیصلہ بلوچستان حکومت نے مقدمات کی تفصیل دیدی
اسلام آباد (آئی این پی) کالعدم بلوچ ریپبلکن پارٹی کے سربراہ اور دہشت گردی کے حملوں میں مطلوب براہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ بلوچستان حکومت نے وزارت داخلہ کو براہمداغ بگٹی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فرہم کردی ہے۔ تاہم ملزم کے ریڈ وارنٹ کیلئے درکار مزید مواد اکٹھا کیا جارہاہے۔ ذرائع کے مطابق براہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ملزم کیخلاف درج مقدمات میں ٹرائل کیا جاسکے۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے وزارت داخلہ کو براہمداغ بگٹی کو بیرون ملک سے پاکستان لانے کیلئے درخواست بھیجی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے صوبائی محکمہ داخلہ کو ملزم کیخلاف مزید شواہد کی فراہمی کا کہا ہے۔