اپوزیشن جماعتیں اور قوم پرسوں یوم احتجاج کے طور پر منائے: طاہر القادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ماڈل ٹائون کے قاتلوں اور پانامہ کے کرپٹ کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپوزیشن جماعتیں اور قوم 3 ستمبر کو یوم احتجاج کے طور پر منائے۔گو نواز گو تک اپوزیشن کی یہ تحریک جاری رہے گی تمام جماعتوں کو احتجاج میں شریک کیا جائے گا۔ پاکستان کی سالمیت پر مسلسل حملوں پر خاموش شریف حکومت کا مسند اقتدار پر بیٹھے رہنا ملک کے مفاد میں نہیں۔ عوامی تحریک اور تحریک انصاف 3ستمبر کے ایک دوسرے کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے تحریک انصاف اور شیخ رشید کا مرکزی سیکرٹریٹ میںا ستقبال کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے پریس کانفرنس سے قبل ملکی سیاسی صورتحال، 3ستمبر کے احتجاج اور بعد کی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تحریک انصاف کی طرف سے چودھری محمد سرور، اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری، رکن صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی اور عوامی تحریک کی طرف سے ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، مطلوب وڑائچ، ساجد بھٹی و دیگر ملاقات میں شریک تھے۔ طاہر القادری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 3 ستمبر کو ملک گیر احتجاج ہو گا، عوامی تحریک راولپنڈی میں قصاص و سالمیت پاکستان مارچ کرے گی جبکہ لاہور میں پاکستان مارچ ہو گا۔ دونوں جماعتیں دونوں شہروں میں ایک دوسرے کو بھرپور سپورٹ کریں گی۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کو کرپٹ اور قاتل حکومت کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں اس احتجاج کو اپنی تحریک سمجھیں اور قاتلوں سے ملک و قوم کو نجات دلائیں۔ آل شریف نے پاکستان کے دشمنوں سے مل کر سالمیت پر سمجھوتہ کر لیا ہے۔ کابینہ نے بھی سالمیت پر حملوں کی مذمت نہیں کی۔ شریف خاندان کی ملوں میں 3 سے 4 سو بھارتی کام کرتے ہیں، کلبھوشن کی گرفتاری کا سراغ بھی ان ہی کی ملوں میں کام کرنیوالوں سے ملا۔ پھر کہتا ہوں پاکستان کو گالی دینے کی تقریر کا ڈرافٹ اسلام آباد سے گیا۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا وزیراعظم نہیں دیکھا جو سالمیت پر حملوں پر بھی خاموش رہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب دس مرتبہ دہشتگردوں کا باپ ہے۔ دہشتگردی کی پنیری پنجاب میں اگتی ہے اسی لئے یہاں پر آپریشن نہیں ہونے دیا جاتا، تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو کرپٹ حکومت کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں، فرداً فرداً ہر جماعت کے پاس جائیں گے۔ افسوس پانامہ لیکس کا فی الحال کوئی نتیجہ نہیں نکلا لیکن تحقیقات اور احتساب تک یہ معاملہ ختم نہیں ہو گا۔ 3 ستمبر کے بعد ہمارے احتجاج میں شدت آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی، ق لیگ، پیپلز پارٹی سے بھی رابطے میں ہیں، دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے۔ شیخ رشید نے کہاکہ ہر دروازے پر انصاف اور تحقیقات کیلئے دستک دے چکے، اب فیصلے سڑکوں پر ہونگے۔ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کو اکٹھا بیٹھنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔