2050ء تک پاکستان سمیت ایشیا کی 3.4 ارب آبادی کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہو گا
اسلام آباد (اے پی پی) 2050ء تک ایشیا کے 3.4 ارب افراد کو پانی کی قلت کا سامنا ہوگا۔ زیر زمین پانی کے استعمال کے موجودہ رجحان سے زیر زمین پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور پاکستان ‘ بنگلہ دیش ‘ بھارت اور ترکمانستان کو زیر زمین پانی کی قلت کیمسائل کا سامنا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران ایشیا اور بحرالکاہل کے ممالک میں پانی کی سکیورٹی کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور موسمیاتی تبدیلیاں ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق 2050ء تک ایشیا کی 3.4 ارب آبادی کو پانی کے مسائل کا سامنا ہو گا جبکہ افغانستان ‘ پاکستان ‘ چین ‘ بھارت اور سنگا پور کو سب سے کم فی کس پانی دستیاب ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش ‘ بھارت ‘ نیپال اور پاکستان میں 23 ملین ٹیوب ویل ہیں جن سے پانی نکالنے کا خرچہ سالانہ 3.78 ارب ڈالر ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2050ء تک زیر زمین پانی کے استعمال سے 30 فیصد اضافہ متوقع ہے۔