• news

سیالکوٹ: لیگی یوسی چیئرمین ، ساتھیوں کی فائرنگ سے وکیل کزن سمیت قتل، ایک زخمی

سیالکوٹ/ پسرور (نامہ نگاران) یونین کونسل تلواڑہ مغلاں کے چیئرمین اور انکے ساتھیوں نے سیاسی رنجش پر فائرنگ سے وکیل کو کزن سمیت قتل، دوسرے کزن کو شدید زخمی کر دیا۔تھانہ رنگپورہ کے علاقہ تلواڑہ مغلاں میں گزشتہ رات گئے سیاسی رنجش پر چیئرمین یونین کونسل تلواڑہ مغلاں شمشیر خان عرف شیر خان، آفتاب گل عرف ولی خان، ذیشان خان عرف شانی خان اور انکے دو ساتھیوں نے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں ڈسٹرکٹ بار کے رکن ظفر بیگ ایڈووکیٹ، انکے کزن عمران بیگ اور نعمان بیگ شدید زخمی ہو گئے۔ تینوں زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جہاں ظفر بیگ اور عمران بیگ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ زخمی نعمان بیگ کی حالت بھی تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ پولیس تھانہ رنگپور نے مقتول ظفر بیگ ایڈووکیٹ کے والد مرزا رشید بیگ ایڈووکیٹ کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری طرف وکیل ظفربیگ اور انکے کزن کے قتل کیخلاف وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے ضلع کچہری میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر کے باہر دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وکلاء نے ملزمان کی گرفتاری تک روزانہ احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ڈسٹرکٹ بار مقصود بھٹی کی قیادت میں وکلاء نے ڈی پی ا ودفتر کے باہر آکر نعرے بازی اور دھرنا دیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرہ کرنے والے وکلاء نے سینہ کوبی بھی کی اور نعرے بازی کی۔ وکلاء نے اس سے قبل بار کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شاہد میر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاریوں تک وکلاء احتجاج کرتے رہیں گے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے ناظم یونین کونسل تلواڑہ مغلاں سمیت مسلح ملزمان کی اندھادھند فائرنگ سے تحریک انصاف اورجماعت اسلامی کے رہنماظفر بیگ ایڈووکیٹ اور عمران بیگ کی ہلاکت پر شدید احتجاج کیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کے امیر شیخ عتیق الرحمن، سابق رکن صوبائی اسمبلی وسابق صدر سیالکوٹ بار ارشد محمود بگو ایڈووکیٹ،قائم مقام امیر جماعت اسلامی زون123 شیخ یونس، جماعت اسلامی یوتھ ضلع سیالکوٹ کے صدرملک منیر اور ضلعی ناظم نشرواشاعت عارف محمود شیخ نے کہا کہ پنجاب حکومت جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے کارکنوں عمران بیگ اور ظفر بیگ ایڈووکیٹ کو قتل کرنیوالے ملزمان کو فوری گرفتار کرے۔ ظفر بیگ ایڈووکیٹ اور انکے کزن عمران بیگ کے قتل کے خلاف بار ایسوسی ایشن پسرور نے صدر بار نوازش علی بسرا ایڈووکیٹ کی قیادت میں مکمل ہڑتال اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن