• news

مودی ’’را‘‘یا کوئی اور ہو دشمن سن لیں ملکی سلامتی کے لئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے :آرمی چیف

گلگت (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گلگت میں سی پیک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی ہو یا ’’را‘‘ یا کوئی اور ہو، دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ گئے ہیں۔ کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر قیمت اور ہر سطح پر توڑیں گے۔ پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں صحیح سمت میں جا رہے ہیں، ملکی سلامتی کیلئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے۔ قوم کو یقین دلاتا ہوں ملک اور سرحدیں محفوظ ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں سے زیادہ جفاکش کوئی نہیں۔ دنیا کچھ بھی سمجھے یہ ہماری بقا کی جنگ ہے، سی پیک کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا سن لیں پاکستان اور اس کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ فوج سب کے بھلے کیلئے کام کر رہی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا دنیا چاہے کچھ بھی سمجھے لیکن ہم اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ دہشت گردی کے طوفان پر جس طرح قابو پایا دنیا میں کوئی اور نہیں کر سکا۔ دنیا کچھ بھی سمجھے یہ ہماری بقا کی جنگ ہے، ہم اسے اسی طریقے سے ہی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا فوج پوری قوم کی بھلائی کے لیے کام کر رہی ہے، نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاک فوج آپ کی فوج ہے، ملک اور سرحدیں بالکل محفوظ ہیں اور ملکی سلامتی کے لئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے۔ انہوں نے کہا وہ گلگت بلتستان کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں گلگت بلتستان کے لوگوں سے زیادہ جفاکش کوئی نہیں جبکہ چینی قیادت بھی گلگت بلتستان کو ارمچی کی طرح ترقی دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا مودی ہو، ’را‘ ہو یا کوئی اور، ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں لیکن وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں صحیح سمت میں جارہے ہیں، آپریشن ’ضرب عضب‘ میں پیشرفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے سی پیک کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ سی پیک کیلئے سپیشل سکیورٹی ڈویژن کم ترین وقت میں بنا لیا گیا ہے۔ راہداری منصوبے کیلئے چپے چپے کی حفاظت کرینگے، خنجراب سے راولپنڈی تک پورا سی پیک محفوظ ہو گا۔ انہوں نے کہا ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہر حال میں کرنا ہے۔ پاکستان میں ترقی کرپشن کے خاتمے کے بغیر نہیں آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن