• news

حکومت تاجروں کو بھارت کے ساتھ تجارت کے مساوی مواقع فراہم کرے : بزنس فورم

اسلام آباد (جاویدصدیق) پاکستان بزنس فورم نے بھارت کے ساتھ تجارت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ پاکستانی تاجروں کو بھارت کے ساتھ تجارت کے سلسلے میں مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔ پاکستان بزنس فورم‘ جو پاکستان کی 54 نجی تجارتی کمپنیوں کی طرف سے قائم کیا گیا ادارہ ہے‘ اگست 2016ءکی تجارت اور معیشت کے بارے میں جاری کی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کو سیمنٹ‘ ٹیکسٹائل اور زرعی پیداوار کے شعبوں میں بھارتی تاجروں کے مساوی سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ پاکستان بزنس کونسل 2013ءسے پاک بھارت تجارت کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس جائزہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عرصہ میں بھارت کے لئے پاکستانی برآمدات میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا اس کی بڑی وجہ بھارت کی طرف سے اپنی صنعت کو نان ٹیرف بیئررز‘ کی فراہمی پر نان ٹیرف بیئررز بھارتی صنعت کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان بزنس کونسل پاک بھارت جائنٹ بزنس فورم کے سیکرٹریٹ کے طور پر کام کررہی ہے۔ پاک بھارت جائنٹ بزنس فورم کے اب تک چھ اجلاس منعقد ہوچکے ہیں۔ لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کی رفتار بہت کم ہے۔ اس کی بڑی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات ہیں۔پاکستان بزنس فورم نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کا ایک تنقیدی جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ اس بات کا طے کیا جانا ضروری ہے کہ اس منصوبے کا پاکستان کی معاشی ترقی پر کتنا اثر پڑے گا۔ کتنی نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ برآمدات میں کتنا اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے کا مستقبل میں ادائیگیوں کے توازن پر کیا اثر پڑے گا۔ خاص طور پر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر کی جانے والی سرمایہ کاری یا ایکویٹی انوسٹمنٹ کی ان پے منٹ کس طرح ہوگی۔یہ تمام معاملات واضح ہونا چاہئیں۔
بزنس فورم

ای پیپر-دی نیشن