ایکسپورٹ ریفنڈز کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے گی: اسحاق ڈار
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد و سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے ٗایکسپورٹ ریفنڈز کی جلد ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ وہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے خواجہ مسعود اختر کی قیادت میں جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وفد نے برآمد کنندگان کو واجب الادا ریفنڈز کی ادائیگی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر وفد کے ارکان نے ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے تجاویز بھی پیش کیں اور بینکنگ کے شعبہ سے متعلق درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے تاجر برادری کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بینکنگ سے متعلق برآمد کنندگان کے مسائل حل کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔