وزیراعظم نے غیراعلانیہ انتخابی مہم شروع کر دی، ترقیاتی منصوبے تیار، بڑے جلسے ہونگے
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے 2018ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ’’غیراعلانیہ‘‘ انتخابی مہم شروع کر دی اور آئندہ دو سال کے اندر میگا پراجیکٹس کی تکمیل کا شیڈول تیار کر لیا ہے۔ وہ اپوزیشن کی تحریک کو غیرموثر بنانے کیلئے میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کی تقریبات کے موقع پر بڑے جلسوں سے خطاب کرینگے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹروں کے آرام کرنے کے مشورے کو نظرانداز کر کے خیبر سے گوادر تک جلسوں کا پروگرام بنایا ہے۔ وہ ملک میں 39 بڑے ہسپتالوں کا خود سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ کچھ شہروں میں کرائے پر عمارتیں حاصل کر کے ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔ وزراء کو ’’فرنٹ لائن‘‘ پر اپوزیشن کے بیانات کا ترکی بہ ترکی جواب دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ حکومت اپوزیشن کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرے گی اور مختلف شہروں میں اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پارٹی انتخابات کرانے کا اصولی فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔ تمام بڑے شہروں میں مسلم لیگ (ن) کے کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارٹی کے متوقع عہدیداروں کیلئے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ اپوزیشن کی ایجی ٹیشن سے نمٹنے کیلئے کسی بھی وقت پارٹی انتخابات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔