چمن: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہندو تاجر ہلاک
کوئٹہ (بی بی سی) بلوچستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک ہندو تاجر ہلاک ہوگیا۔ ہندو تاجر سنتوش کمار کی ہلاکت کا واقعہ شہر کے تاج روڈ پر پیش آیا۔ چمن پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بتایا کہ ہندو تاجر سنتوش کمار تاج روڈ پر اپنی دکان پر بیٹھا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد آئے اور ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ہندو تاجر موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ہندو تاجر کو ہلاک کرنے کے بعد نامعلوم مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انجمن تاجران کے صدر محمد صادق اچکزئی نے فون پر بتایا کہ دو افراد انکی دکان پر آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی۔ تاجر رہنما کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کیخلاف شہر میں تجارتی مراکز بطور احتجاج بند ہوگئے جبکہ تاجروں اور سیاسی رہنماؤں کے علاوہ ہندو برادری نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔