امریکہ بھارت دفاعی معاہدے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کیلئے ہیں:حافظ سعید
لاہور + ننکانہ، پنڈی بھٹیاں (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران)امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت دفاعی معاہدے پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لئے کئے گئے، یہی معاہدہ بھارت کی تباہی کی بنیاد بنے گا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کادشمنوں کو پیغام پاکستانی قوم کی آواز ہے۔حکمران دشمنوں سے کھری کھری بات کریں ۔کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھا کر گولیاں کھا رہے ہیں۔کشمیر کے گلی کوچوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں ۔ہمیں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ سعید نے کہا کہ امریکہ کا وزیر خارجہ جان کیری بھارت کے دورے پر آیا۔ وہاں امریکہ اور بھارت کے دفاعی معاہدے ہوئے۔ انڈیا نے اپنے اڈے اور بندرگاہیں امریکہ کے حوالے کر دیں۔ وہ چین اور پاکستان کے خلاف محاذ کھڑا کر رہے ہیں۔ پاکستان کے حکمران بھی ان معاہدوں سے پریشان ہیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرح حکمران دفاع پاکستان کے لئے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں۔ بھارت کشمیریوں کی حالیہ تحریک آزادی سے پریشان ہے اور بوکھلاہٹ میں بھارتی فوج کشمیریوں پر گولیاں برساتی ہے۔کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ پیلٹ گن سے چھرے چلنے کی وجہ سے سینکڑوں نوجوانوں کی بینائی ضائع ہو چکی ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ ہے۔ حافظ سعید نے ننکانہ صاحب میں آزاد کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورا عالم کفر اسلام کے خلاف متحد ہو رہا ہے، امت مسلمہ کو بھی اٹھ کھڑا ہو نا ہو گا، مسئلہ کشمیر ایک وطن کے حصول کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ پورے عالم اسلام کی جنگ ہے ، پوری امت مسلمہ کو اپنے سیاسی ،مذہبی ،سماجی اور لسانی اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کشمیر ،فلسطین اور دیگر ممالک کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بلند کر نا ہو گی۔پنڈی بھٹیاں میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر حافظ سعید نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے ساتھ چین کے معاہدے کی بھی بڑی تشویش ہے کہ اب ایٹمی پاکستان ترقی کی منازل طے کرنے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کا سپہ سالار بن کر اُبھرے گا۔ انشااللہ وہ وقت آنے والا ہے جب کشمیری بھی آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوںگے۔