گوادر منصوبہ ناکام بنانے کیلئے بھارتی خفیہ ادارے خطرناک کاروائیاں کررہے ہیں :امریکی تھنک ٹینک
اسلام آباد (آن لائن) امریکی تھنک ٹینک اداروں نے اوباما انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ چین طویل فاصلے پر مار کرنے والے ایسے بمبار طیارے بنا رہا ہے جو نہ تو راڈار پر نظر آئیں گے اور نہ ہی دشمن اسکا آسانی کے ساتھ توڑ کر سکے گا۔ دشمن کے دور دراز جگہوں کو ٹارگٹ کرنے والے میزائل کی تیاری نے عالمی طاقتوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ چین کا اقتصادی اور دفاعی میدانوں میں بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کو کس طرح روکا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف سکالر جیمز سمتھ کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت دیگر بڑی طاقتیں اپنی دولت اور وسائل کو جنگ و جدل میں جھونک کر ضائع کر رہی ہیں جبکہ چین اپنے وسائل کی نہ صرف حفاظت کر رہا ہے بلکہ وہ اس انتظار میں ہے کہ جب امریکہ دفاعی اور اقتصادی طور پر کمزور ہو اور وہ دنیا کے دیگر ممالک کو ساتھ ملا کر امریکہ کی طاقت کو چیلنج کر دے۔ایک مغربی سکالر ڈیوڈ بوڈل کا کہنا تھا کہ چین طویل رینج کے جو بمبار میزائل تیار کر رہا ہے وہ نہ صرف جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں بلکہ اتنے تباہ کن ہیں کہ اسکا اثر سینکڑوں مربع میل تک ہو گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر پروفیسر طیب کامران نے کہا کہ بھارت کے تمام اٹیمی اثاثے چین کے نشانے پر ہیں ، بھارت اسی وجہ سے دنیا بھر سے اسلحہ کے ذخائر جمع کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کر کے بھارت چین کو واضح پیغام دینا چاہتا ہے اور گوادر رپورٹ کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیئے بھارتی خفیہ ادارے خطرناک منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پاکستان کی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو بخوبی اس کا ادراک ہے۔