• news

مودی‘ الطاف حسین کے اشتعال انگیز بیانات سینٹ میں کل مذمتی قراردادیں منظور کی جائینگی

اسلام آباد (صباح نیوز) سینٹ میں کل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیانات کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ بلوچستان،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے معاملات میں بھارتی مداخلت کیخلاف پاکستان تحریک انصاف اور الطاف حسین کیخلاف قرارداد حکومت کی طرف سے لائی جائیگی۔ سینٹ کا 252 واں اجلاس کل سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا جس میں تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر محسن عزیز بھارتی وزیراعظم کیخلاف قرارداد پیش کریںگے۔ اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق کام کرنے کی جگہوں پر خواتین ملازمین کے تحفظ، سپیشل اکنامک زونزترمیمی بل 2016ء ،کالج آف میڈیکل لیب کے غیر فعال ہونے، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس کی عدم فراہمی، پی ایس ڈی پی کے تحت گزشتہ تین سال کے دوران نئے ڈیموں کی تعمیر پر ہونیوالے اخراجات اور مختص فنڈز سے متعلق مختلف قائم کمیٹیوں کی رپورٹس پیش ہونگی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کے متعلقہ فنکشنل کمیٹی کی رپورٹ پیش ہوگی۔ تحفظ اطفال کے ترمیمی بل پر مزید غور کے لیے ساٹھ دنوں کی توسیع کی تحریک بھی آئیگی۔سیاسی جماعتوں سے متعلق ایکٹ پولیس آرڈر 2002ء میں ترامیم کے بلز متعارف کرائے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن