• news

مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے ایلچی بھجوانے کا فیصلہ خوش آئند ہے‘ صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدمسعود خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت ایک نازک موڑ میں داخل ہو چکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے باعث بین الاقوامی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیرعظم پاکستان کی طرف سے دنیا کے اہم دارلحکومتوں میں ایلچی بھیجنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ دنیا کے تقریبا ً ہر ملک میں پاکستانی سفیر اور سفارتی حکام موجود ہیں ۔ لیکن ارکان پارلیمنٹ کا وہاں جا کر ان کے ممبرا ن پارلیمنٹ صدر یا وزیراعظم اور تھنک ٹینک سے ملنا اور مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنے کے بہت ہی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین اویس احمد خان لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین مجلس قائمہ برائے خارجہ امور اویس احمد لغاری نے صدر آزاد کشمیر کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن