ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کریگی: اسحٰق ڈار
اسلام آباد (صباح نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک مزید احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا جو ترقی کے عمل میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ دھرنوں سے ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اب ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔ ملک میں معیشت مستحکم ہوئی ہے اور سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور بجلی کی قلت جیسے اہم مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کی راہ میں پھر رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کو تاریخ ہرگز معاف نہیں کرے گی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پانامہ لیکس کی تحقیقات کے مسئلے کو حزب اختلاف سے اتفاق رائے کے ساتھ حل کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے بل کا مقصد ملک سے ہر طرح کی بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے۔
اسحٰق ڈار