• news

تحریک انصاف 2 دھڑوں کے اجلاس، فائونڈر گروپ کا عمران ‘پرویز خٹک سے استعفیٰ کا مطالبہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف اختلافات کا شکار ہو گئی، بانی گروپ اور ناراض گروپ کے اسلام آباد میں الگ الگ اجلاس ہوئے، عمران سے منحرف گروپ کا اجلاس اکبر بابر کی زیر صدارت ہوا جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے ناراض گروپ کا اجلاس داور کنڈی کی زیر صدارت ہوا۔ اکبر ایس بابر نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ عمران کا چیئرمین کی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے، عہدہ چھوڑ دیں اور استعفیٰ دیں، انہوں نے کہا پارٹی چیئرمین کااحتساب کیا جائے اور احتساب کیلئے بانی ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، عمران خود کو احتساب کمیشن کے سامنے پیش کریں، وزیراعلیٰ خیبر پی کے اور کرپٹ وزراء مستعفی ہوں، جہانگیر ترین، علیم خان، نادر لغاری کو کرپشن الزامات پر فارغ کیا جائے، تسنیم نورانی کو پارٹی چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کو بحال کیا جائے، عمران کا فلسفہ دوسروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ہے، تحریک انصاف کو خود اپنا احتساب پہلے کرنا ہو گا، پی ٹی آئی کے قول و فعل میں 2013ء کے بعد تضاد آ گیا، کوئی نئی پارٹی نہیں بنائیں گے، پارٹی کے اندر رہ کر جدوجہد کریں گے، پی ٹی آئی عمران کی جاگیر نہیں ہے، پارٹی کے اندر سے تحریک شروع کریں گے، سابق ڈی جی احتساب کمیٹی خیبر پی کے حامد خان نے بتایا کہ مجھے کہا گیا 30 دن میں انکوائری مکمل کروں جو ناممکن تھا اور 30 دن میں انکوائری نہ ہو سکی تو ملزم کو کلین چٹ دینا ہوگی، عمران تنہائی میں تو میری تمام تجاویز مانتے مگر عملدرآمد نہیں ہوتا تھا ، علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے ناراض گروپ کا اجلاس رکن قومی اسمبلی داور خان کنڈی کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان قومی اسمبلی جنید اکبر، امیر اللہ مروت، ساجد نواز اور میاں زمان اور ممبران صوبائی اسمبلی امجد علی خان، قربان علی، یاسین خلیل، جمشید محمد اور بابر سلیم ، طاہر عمر زئی اور جہانزیب بہادر نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی آئی کے ناراض دھڑے نے وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک سے اختلافی معاملات کا جائزہ لیا، ناراض گروپ چیئرمین عمران خان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکی ہے۔ ناراض گروپ نے عید کے بعد عوامی رابطے کیلئے پشاور میں کنونشن کا اعلان کیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی پالیسیوں کی مذمت کی گئی، ارکان اسمبلی کے خلاف پرویز خٹک کے نازیبا الفاظ کی مذمت کی گئی۔ بانی ممبران نے تحریک انصاف پاکستان کے خلاف بلیک پیپر جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں آج ڈکٹیٹرشپ کا راج ہے سابق ڈی جی احتساب کمیشن خیبر پختونخوا جنرل ریٹائرڈحامدخان نے کہا کہ اپنے صوبے میں احتساب کو درہم برہم کرنے والے آج تحریک احتساب چلا رہے ہیںمیرا اب سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ بانی گروپ کے ارکان نے کہا کہ نواز شریف سے پہلے جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور دیگر کا احتساب ہونا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن