,میر قاسم کو پھانسی کی مذمت پر بنگلہ دیش کا پاکستانی قائم مقام ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجا ج
ڈھاکہ (آئی این پی) بنگلہ دیشی حکومت نے ڈھاکہ میں قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر ثمینہ مہتاب کو وزارت خارجہ طلب کرکے پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جماعت اسلامی کے رہنما میر قاسم کی پھانسی پر مذمتی بیان جاری کرنے پر احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ بنگلہ دیشی ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ قمرالحسان نے پاکستانی قائم مقام ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا تھا۔ واضح رہے گزشتہ روز جماعت اسلامی بنگلا دیش کے رہنما میر قاسم کو متنازعہ بنگلا دیشی جنگی ٹریبونل نے 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکا دیا جس کے بعد پاکستانی دفتر خارجہ نے بنگلہ دیشی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناقص ٹرائلز کے ذریعے حزب اختلاف کو دبانے کا فعل جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔ یاد رہے کہ 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے کی پاداش میں اب تک جماعت اسلامی کے 5 اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ایک رہنما کو پھانسی دی جا چکی ہے۔بنگلہ دیش نے ایک بیان میں کہا پاکستان نے جنگی جرائم میں سزا یافتہ بنگلہ دیشی شہریوں کی حمایت کرکے 1971ء کی جنگ کے دوران بڑے پیمانے پر ہونیوالے جرائم میں براہ راست ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ واضح رہے بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستانی سفیر کوملک بدر کئے جانے کے جواب میں جنوری 2016ء میں پاکستان نے بھی بنگلہ دیش کے ایک سفیر کو واپس بھیج دیا تھا۔