ذاتی مفادات کی خاطر ترقی کا سفر روکنے کی کوشش ملک دشمنی ہے :شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے ذاتی مفادات کی خاطر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش ملک سے دشمنی کے مترادف ہے، 2014ء میں بھی دھرنا سیاست نے ملک کا بے پناہ نقصان کیا اور قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا اور اب پھر یہی عناصر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو روکنا چاہتے ہیں، احتجاج کرنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، ایک طرف خدمت، دیانت اور محنت ہے جبکہ دوسری طرف الزام تراشی، جھوٹ اور انتشار کی سیاست، پاکستان کے باشعور عوام بخوبی جانتے ہیں ان کی بے لوث خدمت کون کررہا ہے اور افراتفری پھیلانے کی کوشش کون، ملک وقوم کی خاطر ایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ پاکستان میں ذاتی انا اور ضد کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا احتجاجی سیاست کے علمبرداروں کی ’’میں‘‘ کی روش ملک و قوم کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’’میں‘‘ کی روش چھوڑ کر ’’ہم‘‘ کے راستے پر چلنا ہوگا۔ انتشار کی سیاست کرنے والے عناصر ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیںاور ان احتجاجی عناصر نے بیانات بدلنے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان کے دائیں بائیں اربوں روپے کے قرض معاف کرانے والے اور قبضہ گروپ کھڑے ہیں۔ انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں نے احتجاجی سیاست کو آزما کر دیکھ لیا ہے۔ عوام نے احتجاجی سیاست مسترد کر کے اپنی رائے دے دی ہے۔ افراتفری پھیلانے والوں کو اب انتشار کی سیاست چھوڑ کر سیاسی انداز فکر اور سیاسی طرز عمل اپنانا چاہیے کیونکہ پاکستان کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ باشعور عوام ملک کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے اور تین برس کے دوران ملک معاشی لحاظ سے مستحکم ہوا ہے۔ امن و امان کی صورتحال میں بے پناہ بہتری آئی ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ، پرامن اور اقتصادی طور پر مستحکم ہے۔ اس وقت ملک کو منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا احتجاجی عناصر دھرنے کی ناکامی کا بدلہ پاکستان سے نہ لیں۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ ذاتی مفادات کی سیاست کی ملک وقوم کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو کی سربراہی میں ورلڈ بنک کے اعلی سطح کے وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں صحت، تعلیم اور دیگر سماجی شعبوں میں عالمی بنک کے تعاون سے جاری پروگراموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی بنک سماجی شعبوں کی بہتری کے پروگراموں کے حوالے سے پنجاب حکومت کا ایک اہم شراکت دار ہے اورعالمی بنک کے تعاون سے پنجاب کے عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کئی پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا بچوں میں غذائی ضروریات کی کمی دور کرنے کیلئے نیوٹریشن پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس ضمن میں عالمی بنک کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی نیوٹریشن پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانے کا جائزہ لیا جائے۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک پچا موتھو الانگونے کہا وزیراعلیٰ شہباز شریف ویژنری لیڈر ہیں اور انہوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا قیام بھی حکومت پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے۔