طاہر القادری کیخلاف ذاتی طور پر عدالت جا کر جھوٹا ثابت کرونگا: پرویز رشید ذاتی نہیں سرکاری حیثیت میں کورٹ آئیں ثبوت دینگے: عوامی تحریک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری کے خلاف ذاتی طور پر عدالت جا کر اس کو جھوٹا ثابت کروں گا اور عوام کے سامنے ننگا کروں گا، ہم پر الزام تراشی کرنے والے ننگ وطن اور ننگ دین ہیں، طاہرالقادری دنیا بھر سے مال اکٹھا کر کے پاکستان میں مکروہ کھیل کھیلنے آتے ہیں، پاکستانی عوام کودو بار دھوکا دینے کے بعد اب تیسری بار الزامات کی غلیظ سیاست کرنے آئے ہیں، طاہرالقادری کو جھوٹا ثابت کر کے عوام کے سامنے بے نقاب کروں گا اور ان خلاف کے ذاتی طور پر عدالت میں جاؤں گا۔ اتوار کو طاہر القادری کی تقریر پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ طاہر القادری پاکستان کے عوام کو 2 بار دھوکا دے کر بھاگ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 دھماکے کئے۔ پرویز رشید نے کہا کہ طاہر القادری نے2014میں بھارت کی خوشامد کر کے وہاں اپنا ادارہ بنایا۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات نے عدالت جانے کی دھمکی دی مگر حقائق کو جھٹلانے کی ان کی ہمت نہیں ہوئی وہ ذاتی نہیں سرکاری حیثیت میں عدالت جائیں ان کو وہاں ثبوت بھی ملیں گے۔