مسائل حل کرنے کیلئے فوج سے امیدیں لگانا کہاں کی دانشمندی ہے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ جمہوریت کیخلاف سازش عوام کی قوت سے ناکام بنائیں گے، ملکی ترقی کا پہیہ روکنے والوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہو گا۔مسائل کے حل کیلئے پارلیمنٹ کی بجائے فوج سے امیدیں لگانا کہاں کی دانشمندی ہے، فوج کا کردار ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے ناقابل فراموش ہے مگر بعض عناصر انہیں ملکی معاملات میں الجھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو گالیاں دینے والوں کو چوکوں میں لٹکادینا چاہیے۔ ملک کے غداروں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا جائے،ایم کیو ایم کے دفاتر کے ساتھ پاکستان مخالف سوچ پر بھی بلڈوز ر چلانا ہو گا۔ملکی اداروں کو گالیاں دینا انتہائی غیر مہذب رویہ ہے۔ کشمیر یوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز دارالسلام میںپاکستان زندہ باد اور آزاد یٔ کشمیر کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدارت امیر لاہور قاری عبدالمتین اصغر نے کی۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا جنہوں نے حصول پاکستان کیلئے قربانیاں دیں وہ کبھی پاکستان کو گالی نہیں دے سکتے اورنہ سننا برداشت کرسکتے ہیں۔مہاجروں نے پاکستان کو ترجیح دی تھی تو انہیں یہاں مقام بھی ملا، انہیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ ہمارے اسلاف نے پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیا، آج انکے فرزند اس کی ناموس کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان میں وہی رہیگا جو پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائے گا۔ جو گالی دیگا ہم اسے سمندر میں پھینک دیں گے۔ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں انکی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ کشمیر میں آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہونیوالا ہے۔ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست سے ملکی ترقی کا پہیہ نہیں روکا جاسکتا، جمہوریت کی بساط لپیٹنے والوں کوعوامی قوت سے شکست دیں گے۔ ناچنے والے کبھی پاکستان نہیں چلاسکتے۔ قاری عبدالمتین اصغر نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا اسکی بقا بھی اسی نظام کے نفاذ میں مضمر ہے۔ سینئر نائب ناظم اعلی مولانا نعیم بٹ نے کہا پاکستان کی طرف میلی نگاہ اٹھانے والوں کی آنکھیںنکال دیں گے۔امیر پنجاب پروفیسر عبدالستار حامد نے کہا پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے، اس میں شگاف ڈالنے کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔ کانفرنس سے مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور کے جنرل سیکرٹری حکیم عبداللطیف، قاری ارشد بیگم کوٹی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔