فاٹا متاثرین کی بحالی کیلئے چین 12.9 کروڑ ڈالر فراہم کریگا: وزارت خزانہ
اسلام آباد (آئی این پی) وزرات خزانہ نے کہا ہے کہ چین کی حکومت نے فاٹا کے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کے عارضی طور پر بے گھر افراد کی بحالی و آباد کاری اور سماجی شعبہ کے منصوبوں کیلئے 12.9کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔وزرات خزانہ کی جانب سے ایک دستاویزی رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ چین کی حکومت نے فاٹا کے دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کے عارضی طور پر بے گھر افراد اور سماجی شعبہ کے منصوبوں کیلئے 12.9کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے،اس معاہدے پر چین کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے دورے کے دوران 24اپریل 2015کو دستخط کیے گئے،129ملین امریکی ڈالر کی اس منظور شدہ رقم میں فاٹا کے علاقے میں وہاں کے مکینوں بحالی کیلئے حکومت پاکستان کی اعانت کیلئے 10ملین ڈالر کی نقد گرانٹ بھی شامل ہے،عارضی طور پر بے گھر افراد کی واپسی اور بحالی کے ضمن میں ان کو نقد معاوضہ کے طور پر دینے کیلئے 10ملین امریکی ڈالر کا استعمال زیر عمل ہے،باقی ماندہ 119ملین ڈالرز کیلئے فاٹا کے علاقے میں تعمیر نو اور بحالی کی غرض سے فاٹا کے سیکرٹریٹ کے منصوبوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔