جاتی امراء مارچ کا اعلان ہوا تو مسلم لیگ بنی گالہ کے گھیراؤ کا گرین سگنل دے دیگی
تحریک انصاف کا ’’لاہور شو‘‘ اور عوامی تحریک کا راولپنڈی شو ’’متاثر کن‘‘ نہیں تھا۔ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری نے جس لب ولہجہ میں تقاریر کیں۔وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی لیڈروں کو اسی لب ولہجہ میں جواب دینے سے روک دیا ہے تاہم پارٹی کے رہنماؤں کو اپوزیشن کے ایجی ٹیشن کا ’’پروایکٹو‘‘ جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق عمران خان کے ’’جاتی امرا‘‘ کی طرف مارچ کے اعلان پر اپوزیشن منقسم ہے۔’’جاتی امرا مارچ‘‘ میں پیپلز پارٹی شامل نہیں ہوگی۔ عوامی تحریک نے اسلام آباد اور جاتی امراء مارچ کا ذکر کیا ہے لیکن اس بارے میں اسکی پالیسی واضح نہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی اعلی قیادت نے مسلم لیگ (ن) راولپنڈی و اسلام آباد کو ’’بنی گالہ‘‘ کا گھیراؤ کرنے کی عوامی حکمت عملی کی تیاری کا حکم نہیں دیا تاہم عمران خان کی طرف سے جاتی امراء مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے پر ’’بنی گالہ‘‘ کا گھیراؤ کرنے کا گرین سگنل دیدیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق لاہور اور راولپنڈی سیاسی شوز حکومت کیلئے پریشان کن صورتحال پیدا نہیں کرسکے۔لاہور میں 10ہزار اور اسلام آباد میں 6ہزار سے زائد افراد نہیں تھے۔راولپنڈی میں سیاسی شو میں مقامی حاضری نہ ہونے کے برابر تھی۔