سارک سربراہ کانفرنس، سی ڈی اے انتظامات پر 220 ملین روپے خرچ کرے گا
اسلام آباد (وقار عباسی سے) وفاقی ترقیاتی ادارہ نومبر میں ہونے والی19ویں سارک سربراہ کانفرنس کے حوالے سے انتظامات پر 220 ملین روپے خرچ کرے گا۔ کانفرنس سے قبل شاہراہ دستور پر 7کروڑ روپے، سرینہ چوک میں سارک گلوب کی تنصیب ریڈ زون کی خوبصورتی اور دیگر کاموں پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ اس ذریعے کے مطابق اس کام کی نگرانی خود وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری کریں گے۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ نومبر سے پہلے سارک سربراہان کی آمد سے قبل شاہراہ دستور کو ازسرنو بنانے کی تیاری کرچکاہے جس پر 7 سے دس کروڑ روپے لاگت متوقع ہے۔ علاوہ ازیں شاہراہ دستور پر جناح کنونشن کے سامنے سارک گلوب کی تنصیب کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے علاوہ ازیں شاہراہ دستور کی بیوٹیفکیشن اور شرکاء کے روٹ پر بھی مختلف کام کیے جائیں گے جس پر 22کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نومبر میں ہونے والی کانفرنس کی میزبانی وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کریں گے جب کہ کانفرنس میں بھارت سمیت دیگر چھ ملکوں کے سربراہ شریک ہونگے، کانفرنس کے شرکاء اسلام آباد اور مری میں بھی قیام کریں گے۔