• news

تحریک انصاف کا بوریوالہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام، ویڈیو سامنے آگئی الیکشن کمشن کا نوٹس، رپورٹ طلب

بوریوالہ/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے بوریوالہ پی پی 232 کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ نے الزام لگایا ہے ریٹرننگ افسر اور یوسف کسیلیہ نے ملکر دھاندلی کی۔ ریٹرننگ افسر، یوسف کسیلیہ اور دیگر عملے نے ووٹوں میں ردوبدل کیا۔ آر او نے عملے کو تھیلوں کی سیلیں دوبارہ لگانے کی ہدایات دیں۔ ریٹرننگ افسر نے ہمیں دس بجے بلایا لیگی امیدوار آٹھ بجے پہنچ گئے۔ ویڈیو ثبوت آچکا ہے۔ اس حوالے سے یوسف کسیلیہ نے کہا ہارنے کے بعد مجھ پر کیچڑ اچھالا جارہا ہے۔ آر او کے پاس 11 بجے پہنچا عائشہ نذیر پہلے وہاں موجود تھیں، دھاندلی کرنا ہوتی تو 40 ہزار ووٹوں سے جیتتا۔ کوئی ثبوت ہیں تو پی ٹی آئی الیکشن کمشن کے پاس جائے۔ الیکشن کمشن نے پی پی 232 کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔ الیکشن کمشن نے ویڈیو منگوا کر تحقیقات شروع کردیں۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے دھاندلی کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈی آر او اور آر او سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن