• news

افغانستان: بس اور آئل ٹینکر میں تصادم، خواتین، بچوں سمیت50 افراد زندہ جل گئے،20 زخمی

قندھار (صباح نیوز + اے ایف پی + آن لائن) افغان صوبے زابل میں قندھار ہائی وے پر مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 50افراد زندہ جل گئے جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافروں سے بھری بس افغان صوبے قندھار سے کابل جارہی تھی کہ جنوبی صوبے زابل میں قندھار ہائی وے پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔افغان صوبے زابل کے گورنر نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 50افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ہلاک ہونیوالے افراد کی نعشیں ناقابل شناخت ہو گئیں، مرنیوالوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، آگ لگنے سے بس بری طرح جل کر تباہ ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن