کئی تھانے غیرقانونی زمین پر ہیں، دو چار رینجرز دفاتر بھی ایسے ہوئے توکیا ہو گا: فاروق ستار
کراچی (سٹاف رپورٹر+ آئی این پی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ دوسری سیاسی جماعتیں کمروں میں پریس کانفرنس کرتی ہیں جبکہ ایم کیو ایم عوامی پریس کانفرنس کرتی ہے، 2018 میں قومی اسمبلی کی تمام نشستیں حاصل کریں گے۔ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار حلقہ پی ایس 127 کی انتخابی مہم کیلئے ارشد وہرہ اور خواجہ اظہار الحسین کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت عوامی پریس کانفرنس کرتی ہے۔ ایم کیو ایم پورے ملک کو متحد کر سکتی ہے، قافلہ اپنے مقاصد کیلئے دوبارہ منظم ہوگا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم اپنے ہی ملک میں بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اہل ملیر کو ایم کیو ایم پر اعتماد ہے اور ہمیں پختون برادری کی بھی حمایت بھی حاصل ہے، پی ایس 127 میں این اے 246 کا ریکارڈ توڑیں گے اور 2018 میں کراچی کی تمام نشستوں سے کامیاب ہوں گے۔ ڈسٹرک ویسٹ بھی اب ایم کیو ایم کا حصہ ہے، ہمیں اگر دیوار سے لگانا ہے تو لگائیں لیکن کراچی سے کچرے کے ڈھیر اٹھائیں۔ دفاتر تو توڑے جاسکتے ہیں لیکن ایم کیو ایم کا مینڈیٹ نہیں توڑا جا سکتا، ہجرت کرنے والے سارے فرشتے واپس آئیں گے، اگر حکومت کا ایجنڈا ہے کہ ایم کیو ایم کو کئی حصوں میں تقسیم کرنا ہے تو یہ کرکے دیکھ لیں مگر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ جب موسم گرم ہوجاتا ہے تو پرندے بھی ٹھنڈے علاقے میں چلے جاتے ہیں لیکن یہ جانے والے پرندے واپس آئیں گے، ایم کیو ایم حقیقی میںجانے والے اور ڈرائی کلین کارکن بھی واپس آئیں گے۔ ہمارا مرکز نائن زیرو کھلنا چاہئے کیونکہ وہ ہمارے اتحاد کی علامت ہے، ہمارے مرکز پر کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی بات نہیں ہوئی پھر اسے کیوں سیل کر دیا گیا۔ ہم نے تو قربانیاں دی ہیں پھر بھی ہمارے دفتر توڑے جارہے ہیں، ارشد وہرہ باقی جماعتوں کے غیر قانونی دفاتر بھی توڑیں گے، درجنوں تھانے بھی غیر قانونی زمین پر ہیں ان کا کیا ہوگا، فاروق ستار نے کہا کہ اگر غلطی سے رینجرز کے دوچار دفتر غیر قانونی زمین پر ہوئے تو ان کا کیا ہوگا۔