فاروق بھائی جتنا جھوٹ بولو گے میں اتنا ہی سچ بولوں گا: مصطفی کمال
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہمیں ایم کیو ایم سے نہیں نکالا گیا تھا جب ہم آئے تھے تو اندازہ نہیں تھا کہ اتنے لوگ ساتھ دیں گے۔ 5 ماہ میں پاکستان اور بیرون ملک اپنی جماعت کو مضبوط کر لیا ہے۔ پارٹی چھوڑنے کے بعد قائد متحدہ تقریروں میں بھی بلاتے رہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم‘ فاروق ستار اور قائد متحدہ نے ہمارا مذاق اڑایا‘ قدرت کا نظام دیکھیں 22اگست کو ہماری تمام باتیں درست ثابت ہوئیں‘ ایم کیو ایم اور قائد متحدہ سے ذاتی اختلاف نہیں تھا۔ فاروق بھائی آپ جتنا جھوٹ بولو گے میں اتنا ہی سچ بولوں گا کراچی میں پانی‘ سیوریج اور صحت کی سہولتیں نہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم پر غداری کا دھبہ لگوانے والے آج دنیاوی فائدے کیلئے را کے ایجنٹ کا ساتھ دے رہے ہیں۔ 22 اگست کو پوری پاکستانی قوم کو پتہ چل گیا ہم سچ پر ہیں، بہتر مستقبل کی خاطر دو نسلیں قربان کرچکے ہیں۔ شہر کی کوئی گلی ایسی نہیں جہاں حقوق حاصل کرنے کے لئے جوانوں کی نعشیں نہ اٹھائی گئی ہوں۔ ہم نے نہ دن دیکھا نہ رات، عید تہوار نہ گھر بار، اپنا مال و زر دل اور جان تک ایک شخص کے لئے قربان کرنے سے دریغ نہ کیا۔ حقوق کے نام ہر 25000 نوجوانوں کی قربانی کے باوجود کچھ حاصل نہیں ہوا۔