• news

فیصل آباد: سیوریج سکیم کے افتتاح پر عابد شیر‘ رانا ثناگروپ کے کارکنوں میں جھگڑا

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے علاقہ گئو شالہ میں نئے سیوریج سکیم کے افتتاح کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دونوں متحارب گروپوں عابد شیر علی اور رانا ثناء اﷲ کے کارکنوں کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھگڑا ہو گیا ‘ ایک ہی سکیم کا دو مرتبہ افتتاح ہونے سے نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا ‘ جس سے مسلم لیگ ن کے دونوں گروپوں کے مابین اختلافات ایک مرتبہ پھر سامنے آ گئے۔ سٹی کونسل 118میں وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے سٹی کونسل کے نائب چیئرمین افتخار رحمانی کی دعوت پر افتتاح کیا جس پر سٹی کونسل 118کے چیئرمین اور کارکنوں نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کو افتتاح کی دعوت دیدی اس طرح دونوں دھڑوںکے کارکنوں کے مابین جھگڑا ہو گیا۔ اس موقع پر عابد شیر علی نے کہا کہ اس حلقے سے نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کا تعلق ان کے گروپ سے ہے اسلئے سکیم کا افتتاح کرنا ان کا حق ہے کیونکہ اس کیلئے فنڈز بھی وہ ہی منظور کروا کر لائے تھے‘ دوسری طرف صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ عابد شیر علی اور ان کا حلقہ ایک ہی ہے اور فنڈز حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں ‘ لہذا کوئی ایک فرد فنڈز اپنے نام نہیں کروا سکتا ۔ افتتاح کے موقع پر وزیر مملکت عابد شیر علی نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اس لئے مشعل بردار جلوس لیکر نکلے کیونکہ وہ پنڈی میں آگ لگانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد وزیراعظم کو کس منہ سے چیلنج کرتے ہیں وہ پرویز مشرف کی آمریت کے دور میں اقتدار کے مزے لوٹتے رہے جبکہ فوجی آمر کے اقتدار کے دوران مجھے جیل میں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف بجلی بحران ختم کرنے کیلئے ہر محاذ پر کوشاں ہیں۔ 2018ء کا سورج توانائی بحران کی خوشخبری اپنی پیشانی پر لے کر طلوع ہو گا۔ عابد شیر علی نے کہا ہے ہمارے قائدین کے گھر کی طرف جو بھی آیا‘ اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ کونسلر کی سیٹ نہ جیتنے والے تبدیلی کی بات کرتے ہیں۔ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے‘ حکومت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی۔ طاہر القادری اور عمران خان کی ریلیاں ناکام ہو گئیں ہیں‘ تحقیقات کرلی جائیں کون کس کا ایجنٹ ہے۔ ریلیوں کے دوران مرنیوالوں کا مقدمہ طاہر القادری‘ عمران خان کیخلاف درج ہونا چاہئے‘ پانامہ لیکس میں وزیراعظم نام نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن