بھیرہ: کوچ اور ٹرالہ میں تصادم، ہوسٹس سمیت5 افراد جاں بحق
بھیرہ/ بھلوال/ پسرور/ سیالکوٹ/ فیروزوالا/ ٹیکسلا (نامہ نگاران+ آئی این پی) بھیرہ کے قریب موٹروے پر کوچ اور ٹرالر کے تصادم میں بس ہوسٹس سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اظہار افسوس کیا ہے۔ جبکہ ٹیکسلا، پسرور اور فیروزوالا میں ٹریفک حادثات کے دوران 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ صبح موٹروے سروس ایریا بھیرہ پر کھڑے سیمنٹ سے لدے خراب ٹرالر سے پشاور سے آنے والی مسافر کوچ ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں بس ہوسٹس سمیت پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ نو مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ میں لاہور کی رہائشی بس ہوسٹس اقراء امجد اور مسافر حارث وحید، ضیاء الحق چشتی، غازی احمد خان اور نیکو خان موقع پر ہی جان بحق ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انچارج تھانہ بھیرہ ملک فاروق حسنات، موٹروے پولیس اور ایف ڈبلو او کے آفیسر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ہسپتال پہنچایا۔ بھیرہ پولیس نے بس ڈرائیور جاوید احمد کو حراست میں لیکر ٹی ایچ کیو ہسپتال بھیرہ طبی امداد کیلئے داخل کرا دیا ہے۔ حادثہ کا سبب ڈرائیور کا سو جانا بتایا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے بھیرہ انٹرچینج کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہار اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ اتوار کے روز ٹیکسلا سے راولپنڈی کی طرف جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد جن میں عبدالقدیر، اسکا بیٹا عظمت قدیر اور چار سالہ بچہ انڈرپاس ٹیکسلاسے گزر رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ حادثہ کے نتیجے میں چار سالہ معصوم بچے سمیت تینوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن کی نعشیں سول ہسپتال ٹیکسلا پہنچا دی گئیں۔ بدقسمت افراد کوٹیرہ تحصیل تلہ گنگ ضلع چکوال کے رہائشی تھے۔ گوجرانوالہ کا محمد صفدر اپنی بیوی ریحانہ اور کمسن بچی کے ساتھ موٹر سائیکل پر فیصل کالونی پسرور آئے اور یہاں سے اپنی ساس بشریٰ بی بی کو بھی موٹرسائیکل پر ساتھ بٹھایا اور چونڈہ میں اپنے ایک عزیز کی وفات پر تغزیت کے لئے روانہ ہو گئے جب وہ متیکے سٹاپ کے قریب پہنچے تو سامنے سے آنے والی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی حادثے کے نتیجہ میں ضعیف العمر خاتون بشریٰ بی بی اور اس کی کمسن نواسی ارحم جاں بحق ہو گئیں جبکہ محمد صفدر اور اس کی بیوی ریحانہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیئے ررول ہیلتھ سنٹر چونڈہ میں داخل کروا دیا گیا۔ فیروزوالہ کے قریب موٹر سائیکلوں کے تین مختلف حادثات کے دوران باپ بیٹا اور دو خواتین سمیت چارافراد جاں بحق جبکہ سات شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے لدھیوالہ وڑائچ گوجرانوالہ کی دو خواتین سمیت تین افراد موٹر سائیکل پر مریدکے کی طرف آ رہے تھے جی ٹی روڈ پر شیخاں والا پمپ کے قریب سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث موٹر سائیکل گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون تحصیل ہسپتال مریدکے جبکہ دوسری لاہور لیجاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔ موٹر سائیکل چلانے والا شخص شدید زخمی ہو گیا۔ دوسرا حادثہ دوپہر ایک بجے کے قریب اسی مقام پر پیش آیا جس میں کوٹ عبد المالک کا رہائشی جاوید اقبال باپ اپنے پانچ سالہ بیٹے سمیت موت کا شکار ہو گیا جبکہ اس کی بیوی طاہرہ اور بچی شدید زخمی ہو گئے جنہیں تحصیل ہسپتال مریدکے پہنچا دیا گیا جہاں بیوی کے بھی جاں بحق ہونے کی غیر مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے۔