؎انگلینڈ کے خلاف اچھا نہیں کھیل سکے پاکستان ون ڈے کرکٹ میں دنیا سے بہت پیچھے ہے :اظہر علی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم اس وقت ون ڈے کرکٹ میں دنیا سے بہت پیچھے ہے۔تاہم انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں چند باصلاحیت کرکٹرز سامنے آئے ہیں جو ٹیم میں آل راؤنڈر کا مسئلہ حل کر سکتے ہیں۔اظہرعلی نے ا کہا کہ سٹرائیک ریٹ کے معاملے میں پاکستانی ٹیم باقی دنیا سے کافی پیچھے ہے۔’اس معاملے میں بہتری لانے میں وقت لگے گا۔ کھلاڑی اپنے طور پر کوشش کر رہے ہیں اور کوچنگ سٹاف بھی اس سلسلے میں بہت محنت کر رہا ہے حسن علی، محمد نواز اور عماد وسیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اگر انھیں سپورٹ کیا جائے تو وہ ٹیم کے لئے بڑے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔‘اظہر علی نے اپنی بیٹنگ کی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ کسی بھی کپتان کے لئے بہت ضروری ہوتا ہے کہ وہ اپنی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کے لئے مثال بنے۔ان کے مطابق اس سیریز میں انھوں نے 80 اور 82 رنز کی دو ایسی اننگز کھیلی ہیں جن سے انہیں اپنا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی تین سو رنز کے ہدف تک پہنچنے کے لئے بڑی پارٹنرشپس ضروری ہوتی ہیں۔’جب ایک ہی اوور میں دو وکٹیں گریں تو ٹیم مشکل میں دکھائی دے رہی تھی لیکن سرفراز احمد اور شعیب ملک نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور یہی پارٹنرشپ ٹیم کو جیتنے کی پوزیشن میں لے آئی۔