قوم 65ءکی طرح ہر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 6ستمبر صرف دفاع پاکستان کے عزم کا اعادہ ہی نہیں بلکہ نظریہ پاکستان کی تجدید کا دن ہے، پاکستان کی حفاظت و دفاع ہمارا دینی فریضہ ہے، قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل سے ملک میں امن قائم ہو گا۔ دفاع پاکستان کونسل کا آج منگل کو اسلام آباد میں دفاع پاکستان سیمینار ہو گا۔ پاکستانی قوم 1965ءکی طرح بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے بھارت سرکار سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ بھارت آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزاد ی بھرپور انداز میں جاری ہے۔ جلد غاصب بھارت کو کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ یوم دفاع پاکستان کے حوالہ سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب سے نریندر مودی اور بی جے پی نے بھارت میں اقتدار سنبھالا ہے وہ مسلسل پاکستان کے اندر اور سرحدوں پر جنگ کی آگ بھڑکا رہے ہیں دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوج باوردی ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔کشمیر میں دوماہ سے کرفیونافذ ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کو سنجیدگی سے غور وفکرکرکے دفاعی حکمت عملی مرتب کرنی چاہئے۔پوری پاکستانی قوم اللہ کے فضل وکرم سے انکی پشت پر کھڑی ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف انتہائی جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ حکومت پاکستان کو بھی کسی قسم کی مصلحت پسندی کا شکار ہوئے بغیر جرا¿تمندانہ پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں۔ بھارت کے ساتھ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔ حریت رہنماﺅں، سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں نے بھارت کے کل جماعتی وفد سے ملنے سے انکار کر دیا۔اب ان کی نظریں پاکستان کی طرف ہیں۔ پاکستانی حکومت کو بھی کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کرنی چاہیے۔ بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے دباﺅ بڑھانے کی ضرورت ہے۔اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر بھارتی دہشت گردی بے نقاب کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے‘ اس بنیادی نظریہ پر عمل کئے بغیر ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہیں ہے۔
حافظ سعید