قومی اسمبلی : نیشنل کمانڈ اتھارٹی بل منظور‘ بغیر قرعہ اندازی حج پر جانیوالوں کی فہرستیں پیش کی جائیں : حکومتی اپوزیشن ارکان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی بل 2016ءکی منظوری دیدی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی بل 2016ءزیرغور لانے کی تحریک پیش کی اور ایوان سے تحریک کی منظوری حاصل کی۔ ایک توجہ دلاﺅ نوٹس پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بورڈ آف انٹیگریٹڈ گیس سسٹم کے بورڈ آف گورنرز سے دو ارکان کو نکالا نہیں گیا بلکہ ان کی رکنیت کی مدت ختم ہو گئی تھی۔ دوران رکنیت ان ارکان نے کبھی اعتراض نہیں کیا اب وہ الزامات عائد کر رہے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق ایوان نے اپوزیشن جماعتوں کے واک آ¶ٹ کے دوران نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ءمیں مزید ترمیم کے بل کی منظوری دی۔ وقفہ سوالات میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے باوجود پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ اڑھائی سال تک برقرار رہے گا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں متعدد افراد شہید‘ ہزاروں افراد زخمی اور سینکڑوں اندھے ہوچکے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو ہر سطح پر اٹھایا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کو بیرون ملک بھیجنا سیر سپاٹے کا پروگرام نہیں۔ دیگر ممالک کے ارکان پارلیمنٹ سے بھی رابطے ہونگے۔ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر رابطے کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کو بتایا افغان سرحدی علاقوں میں آر بار بسنے والے رشتے داروں کو ملاقات کیلئے آنے جانے پر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت شناخت کرانا ہوگی۔ افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ نہ کی تو آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان بے سود رہیں گے۔ سرحد پر مزید انٹری پوانٹس کھولے جائیں گے۔ پاکستانیوں کو سعودی عرب میں اجازت نامے اور اقامہ تجدید سے متعلق مسائل کا سامنا ہے۔ ایران پر پابندیاں اٹھنے کے بعد تجارتی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ افغان سرحد پر سکیورٹی بہترین اور سخت ہوئی تو معاشی صورتحال خود ہی بہتر ہوجائیگی۔ اسلام آباد سٹاف رپورٹر کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کو حج کوٹہ نہ ملنے اور امور حج میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کیلئے قومی اسمبلی کے ارکان پر مشتمل ایک خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو مذکورہ امور کی نہ صرف چھان بین کریگی بلکہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی بھی سفارش کریگی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید اقبال عباسی نے شام قومی اسمبلی میں ارکان کے مطالبہ پر اس کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس معاملہ کے تمام محرکین کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بھی کمیٹی کی تشکیل کی حمائت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کے خلاف پیر کے روز خوب شعلہ فشانی کی گئی جس کا آغاز سرکاری بنچوں سے ہوا۔ بعدازاں اپوزیشن ارکان نے بھی اس میں حصہ ڈالا۔ سرکاری بنچوں سے افتخارالحسن نے کہا وزیر مذہبی امور نے اپنے ذاتی اور اسمبلی کے دوستوں کو نوازا۔ اسلام آباد سے ایم این اے ملک ابرار نے کڑا لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا جو افراد قرعہ اندازی کے بغیر حج پر گئے ہیں ان کے نام، اور پتون پر مبنی فہرستیں ایوان میں پیش کی جائیں تاکہ اندازہ ہوسکے کن افراد کو نوازا گیا۔ وزیراعظم اس معاملہ کا خود نوٹس لیں کیونکہ حکومت کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور وزارت کرپشن کا گڑھ بن رہی ہے۔ سرکاری بنچوں سے ہی عبدالمجید خانخیل نے کہا اس معاملہ میں مالی بے قاعدگیوں کی اطلاعا ت بھی ہیں ۔ بہتر ہو گا ایک پارلیمانی کمیٹی معاملہ کی چھان بین کرے۔
قومی اسمبلی