پانامہ لیکس پر اپوزیشن ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی: یوسف گیلانی
وہاڑی ( نامہ نگار)سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے میں اپوزیشن ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گی عمران اور نواز شریف اپنی آخری آخری اننگز کھیل رہے ہیں آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے ہم سڑکوں پر نہیں آرہے لیکن اگر قیادت نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی پنجاب کا 470 ارب کا بجٹ لاہور میں خرچ کیا جا رہا ہے اقتدار میں آکر قوم کے ایک ایک پیسہ کا حساب لیں گے ان خیالات کا ظہار انہوں نے مقامی ہال وہاڑی میں پیپلز پارٹی ضلع وہاڑ ی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی پی پی جنوبی پنجاب و سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود،ممبر کوراڈینیشن کمیٹی جنوبی پنجاب محمودحیات ٹوچی خان، شوکت بسرا،نوازش پیر زادہ کے علاوہ عبدالقاردر شاہین سیکرٹری کمیٹی، خواجہ رضوان عالم ترجمان کمیٹی، چوہدری بلال ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ کارکن ہمارے خاندان کا حصہ ہیں ان کے مسائل مل بیٹھ کر حل کریں گے کارکن تیار رہیں آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کو ناکام کہنے والے خود ناکام ہو گئے ہیں، انشاء اللہ آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو ہو گا جو نوجوانوں کا حقیقی قائد ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی اننگ کے آخری اوور ز کھیل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی تمام تنظیمیں توڑ دی گئی ہیں۔ سابق گورنر و صدر پی پی پی جنوبی پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا کہ 3ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنیوالے ساڑھے تین سال میں بھی لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کرسکے ہیں۔قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کو ایک بڑے قافلے کی صورت میں ورکر کنونش ہال تک لایا گیا، جیسے ہی سیدیوسف رضاگیلانی ہال میں داخل ہوئے تومبینہ طورپر سابق ایم این محمود حیات عرف ٹوچی خان نے اپنے کارکنوں کو مرکزی دروازہ بند کرنے کاحکم دے دیا جس پرکارکنوںنے احتجاج شروع کردیااور محمودحیات عرف ٹوچی خاںکے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ بعدازاں مقامی رہنمائوں ساجد گوگی، چوہدری نذیر گوجر، رائو محمد شاہد ودیگرنے سٹیج کے سامنے احتجاج شروع کردیالیکناور ورکرز کنونشن کا بائیکاٹ کرکے ہال سے باہر نکل آئے اورریلی کی صورت میں نعرہ بازی کرتے ہوئے شہر کا چکر لگایا۔