• news

بزنس پلان کے تحت پاکستان کیلئے 5ارب 90کروڑ ڈالر مختص کئے: اے ڈی پی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ بینک نے 2017-19ء کیلئے کنٹری بزنس پلان کے تحت 5 ارب 90 کروڑ ڈالر پاکستان کے لئے مختص کئے ہیں۔ بنک ایک ارب ڈالر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کیلئے بھی دے گا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سے ایروناٹیکل کمپلیکس کے‘ سربراہ کے الیکٹرک کے وفد اورکابل میں پاکستان کے سفیر نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ چیئرمین پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس ائر مارشل ارشد ملک نے وزیر خزانہ کو ایروناٹیکل کمپلیکس کے امور کے بارے میں بتایا اور ادارے کی مصنوعات خریدنے میں بعض ممالک کی دلچسپی کا ذکر کیا۔ وزیر خزانہ نے معیاری مصنوعات تیار کرنے پر ایروناٹیکل کمپلیکس کی تعریف کی۔ کے الیکٹرک کے وفد نے وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور وفاقی وزیر پٹرولیم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیر خزانہ کو شنگھائی الیکٹرک کی طرف سے کے الیکٹرک میں سرمایہ کاری کے منصوبے کے بارے میں بتایا۔ وفد نے کہاکہ نئی سرمایہ کاری سے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں بہتری آئے گی۔ پاکستان کے افغانستان کیلئے سفیر سید ابرار حسین نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ انہوں نے افغانستان کی صورتحال کے بارے میں بتایا اور پاکستان میں افغان سرمایہ کاری کے امکانات کا ذکر کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ افغانستان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی تجاویز تیار کی جائیں۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر بنک کے 2017-19ء کے کنٹری آپریشن بزنس پلان کا بتایا۔ اس پلان کیلئے بنک نے 5.9 بلین ڈالر مختص کر رکھے ہیں۔ ملاقات میں پلان پر بات چیت کی گئی۔ اس پلان میں توانائی‘ ٹرانسپورٹ‘ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ‘ زراعت اور دوسرے سیکٹر کے منصوبے شامل ہیں۔ اس سے وفاقی حکومت ‘ صوبوں ‘ اے جے کے‘ جی بی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سنٹرل ایشیاء ریجنل اکنامک کو آپریشن کے سٹیک ہولڈرز کا ایک اجلاس اکتوبر میں اسلام آباد میں ہوگا۔ وزیر خزانہ کو ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔ اس فنڈ میں بینک ایک ارب ڈالر جبکہ حکومت پاکستان 250 ملین ڈالر دے گی۔ بینک ایک ارب ڈالر چار اقساط کی شکل میں دے گا۔

ای پیپر-دی نیشن