• news

پاکستان نے انگلینڈکو اکلوتا ٹی ٹونٹی میچ 9وکٹوں سے ہرادیا

لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے شرجیل خان اور خالد لطیف کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت انگلینڈ کو سیریز کا واحد ٹی ٹونٹی میچ 9وکٹوں سے ہرادیا۔ انگلینڈ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اورپاکستان کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دے دیا۔جیسن روئے نے 21 رنز بنائے جبکہ الیکس ہیلز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب انگلینڈ نے 93 رنز بنائے تھے تو 16 رنز پر کھیلنے والے جوزبٹلر کو وہاب نے متبادل فیلڈر عمادبٹ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ سٹوکس 4 رنز بنا کرحسن علی کا شکار بنے۔آئن مورگن 14 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض نے ڈیوڈ ویلی کو 12 رنز پر آؤٹ کردیا۔انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 135 رنز بنائے۔ معین علی 13 اور لیام پلنکٹ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ وہاب ریاض نے 3 جبکہ عماد وسیم اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے 136رنز کے تعاقب میں انگلش بائولرز کی خوب دھلائی کی ۔شرجیل خان نے بین سٹوکس کو 5 ویں اوور میں 2 چوکے اور ایک چھکا رسید کرتے ہوئے 16 رنز حاصل کیے۔خالد لطیف اور شرجیل خان کے درمیان 107 رنز کی شراکت بنی۔ شرجیل 59 رنز کی اننگز کھیل کر عادل رشید کو وکٹ دے بیٹھے۔ خالد لطیف 59رنز جبکہ بابر اعظم 15رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ گرین شرٹس نے ہدف14.5اوورز میں پورا کرلیا۔پاکستان کی طرف سے بابراعظم اور حسن علی نے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا۔ شاہد آفریدی کی جگہ سرفراز احمد کو نیا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ پاکستان نے پاور پلے میں ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں اپنا سب سے زیادہ سکور بھی بنا دیا۔ پاکستان نے چھ اوورز میں 73رنز بنائے۔ اس سے پہلے پاکستان کا پاور پلے میں زیادہ سے زیادہ سکور 72رنز تھا جو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف بنایا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن