پانامہ لیکس: پبلک اکائونٹس کمیٹی نے آج ایف بی آر، نیب حکام کو طلب کرلیا
اسلام آباد (آئی این پی)قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر ایف بی آر اور نیب سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو آج طلب کرلیا ہے۔ کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود پانامہ کے معاملے پر پیشرفت نہیں کی جاسکی، عوام کا پیسہ بیرون ملک کیسے لے جایا گیا، ادارے ان لوگوں کیخلاف کارروائی کریں، جو پیسہ بیرون ملک لے کر گئے۔ نیب اور ایف بی آر کے اہلکار پانامہ معاملات پر اب تک کی ہونے والی پیشرفت سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے پانامہ لیکس سے انکشافات پر کارروائی نہ کرنے کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور موقف اختیار کیا کہ عوام کا پیسہ ملک سے باہر لے جانے والوں کے خلاف ان اداروں کے کارروائی کیوں نہیں کی حالانکہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کریں جو عوام کا پیسہ ملک سے باہر لے جاتے ہیں۔