رائے ونڈ مارچ: ہوش پر جوش غالب نہ آنے دیں، وزیراعظم کی لیگی رہنمائوں کو ہدایت
لاہور (فرخ سعید خواجہ) وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے اپنے پارٹی کے ساتھیوں کے ان بیانات کا نوٹس لے لیا جن میں انہوں نے عمران خان چیئرمین تحریک انصاف کے 24 ستمبر کو رائے ونڈ مارچ پر ردعمل میں جوابی کارروائی کے اعلانات کئے تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف نے اس سلسلے میں ہدایت جاری کی ہے کہ ہوش پر جوش کو غالب مت آنے دیں۔ مسلم لیگ اقدار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، کسی کے غلط قدم کے جواب میں خود غلط راہ پر چلنا کسی بھی طور پر مناسب نہیں ہوگا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ رائے ونڈ مارچ پنجاب حکومت نے ڈیل کرنا ہے اور یہ بات یقینی ہے کہ جب تک کوئی قانون ہاتھ میں نہیں لیتا، اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ تاہم مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کا کہنا ہے کہ احتجاج اور جلسے جلوس سیاست کا حصہ ہیں لیکن مخالف سیاستدانوں کے گھروں پر چڑھائی کرنا یا اس طرح کے اعلانات کرنا معاشرے میں افراتفری پھیلانے کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سیاسی رہنما ایسے کسی اقدام سے گریز کریں گے جس سے ملک میں انتشار پھیلے، ضرب عضب متاثر ہو اور سی پیک کو نقصان پہنچے۔