گھیرائو کی رسم اچھی نہیں، شجاعت نے رائے ونڈ محاصرے کی مخالفت کر دی
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہا کہ رائے ونڈ جانے کا فیصلہ میرے ذاتی خیال میں درست نہیں ہے، عمران خان سے بات کروں گا۔ چودھری شجاعت نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے کیلئے اور بہت سے مقامات ہیں، گھروں میں جانے کی روایت نہیں ڈالنی چاہئے۔ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مقبولیت کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ بات کسی انفرادی شخصیت کی نہیں ہوتی بلکہ کارکردگی اور اداروں کی اہمیت ہوتی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو دی گئی تھی اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جو نکات فوج کے ذمے تھے انہوں نے ان پر بہترین انداز میں عمل کیا۔ پاکستان کے خلاف بیان بازی اور نعرے بازی کرنے والوں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔